اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کا قومی اسمبلی سے سپریم کورٹ کے فیصلے کےخلاف قرارداد کی منظوری پر قانونی کارروائی کا فیصلہ، ماہر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے سپیکر راجا پرویز اشرف کو خط لکھ دیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق معروف قانون دان اور پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کے چیمبر سے سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کو خط لکھا گیا۔ خط میں“رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ“ کے تحت تفصیلات مانگی گئی ہیں،ڈاکٹربابر اعوان نے خط میں لکھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق قرار داد کی مصدقہ کاپی فراہم کی جائے اور اجلاس میں موجود ارکان کے نام اور حلقوں کی تفصیلات فراہم کی جائے۔سپیکر قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط میں لکھا گیا کہ قرارداد سے متعلق آرڈر آف دی ڈے کی کاپی فراہم کی جائے، قرار داد پر تقریر کرنے والے ارکان کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔واضح رہے کہ بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی خالد مگسی نےسپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کا فیصلہ مسترد کرنےکی قرارداد ایوان میں پیش کی جو کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ قرارداد میں تین رکنی بینچ کے بجائے فل کورٹ میں کیس کی سماعت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ قومی اسمبلہ کا یہ ایوان سیاسی معاملات میں بے جا عدالتی مداخلت پر اظہار تشویش کرتا ہے، حالیہ اقلیتی فیصلہ ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کر رہا ہے، وفاقی اکائیوں میں تقسیم کی راہ ہموار کردی گئی ہے، یہ ایوان تین رکنی اقلیتی فیصلےکو مسترد اور وزیراعظم کو پابند کرتا ہے کہ فیصلے پر عمل نہ کیا جائے،ایوان سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے ایک ہی وقت پر عام انتخابات کو مسائل کا حل سمجھتا ہے، ایوان تین رکنی بینچ کا اقلیتی فیصلہ مسترد کرتا ہے ، ایوان دستور کے آرٹیکل 63 اےکی غلط تشریح اور اسے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے ذریعے ازسرنو تحریر کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے،عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ اس پر نظر ثانی کرے۔
