درآمد شدہ گاڑیوں کی ریلیز روکنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

کراچی(کورٹ رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پرانی درآمد شدہ گاڑیوں کی ریلیز روکنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردے دیا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق عدالت عالیہ نے پرانی درآمد شدہ گاڑیوں کی ریلیز روکنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت کو عدالتی حکم کی روشنی میں ازسر نو جائزہ لینے کا حکم دے دیا۔سندھ ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ متعلقہ وزارت دس دن میں نئی سمری بنا کر وفاقی کابینہ کو بھیجے۔عدالت نے پورٹ پر موجود پرانی گاڑیوں کی نیلامی بھی تاحکم ثانی روکنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی معاشی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)حکومت نے بیرون ممالک سے درآمد کی جانے والے مختلف اشیا کی درآمدات پر پابندی عائد کر دی جن میں نئی اور استعمال شدہ دونوں قسم کی امپورٹڈ گاڑیاں بھی شامل ہیں۔یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان میں تین سال تک کی پرانی موٹر کار جب کہ پانچ سال تک پرانی باقی گاڑیاں پرسنل بیگج سکیم، گفٹ اورٹرانسفر آف ریزڈنٹ سکیم کے تحت درآمد کی جاتی ہیں جب کہ نئی گاڑیاں کاروباری شخصیات بیرون ممالک سے درآمد کرتی ہیں۔ان سکیموں کے تحت سمندر پار پاکستانی دو سال میں ایک مرتبہ گاڑی پاکستان درآمد کر سکتے ہیں اور ان سکیموں کے تحت ہی مسافر بردار گاڑیاں،وین،بس،فور بائی فور گاڑی، ٹریکٹر، موٹر سائیکل اور سائیکل درآمد کی جا سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں