ن لیگ کو دو دھڑوں میں تقسیم کرنے کی سازش،اہم پارٹی رہنماوں کو شوکاز نوٹس جاری

پشاور(وقائع نگار خصوصی)حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن نے پشاور میں سابق گورنرز اور ناراض اراکین کو پارٹی قیادت کے خلاف مختلف مقامات پر اجلاس منعقد کرنے اور اشتعال انگیز تقاریر پر شو کاز نوٹس جاری کر دیئے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سردار مہتاب عباسی،ظفر اقبال جھگڑا ،ارباب خضر حیات،فرید مفکر خان اور ایثال خان کو شوکاز نوٹسز خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ عباسی نے جاری کئے ہیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے،پارٹی فیصلوں کے خلاف بغاوت کرنے ، پارٹی کو دو دھڑوں میں تقسیم کرنے کی سازش ،پارٹی قیادت کے خلاف پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں بیانات دینے اور توہین آمیز تقاریر کرنے کے خلاف مذکورہ پانچ افراد کو الگ الگ شوکازنوٹس جاری کئے گئے ہیں ، 15 یوم کے اندر اندر جواب دیں۔شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ پانچوں افراد کو اہم حکومتی و پارٹی عہدوں سے نواز ا گیا ہے لیکن اس کے باوجود آپ نے پارٹی فیصلوں سے بغاورت کرتے ہوئے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے ۔ 15 یوم کے اندر تسلی بخش جواب نہ دیا تو ان تمام پانچوں افراد کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کردی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں