راولپنڈی(وقائع نگار)خیبرپختونخوا میں ملک کی حفاظت پر مامور سکیورٹی فورسز کے 2 جوان وطن پر قربان ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی مواد سے دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے، شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار حضرت گل اور سپاہی نذیر اللہ محسود شامل ہیں۔37 سالہ حضرت گل کا تعلق لوئر دیر کی تحصیل تیمرگرہ جبکہ 34 سالہ نذیر اللہ کا تعلق جنوبی وزیرستان کی تحصیل سراروغہ سے ہے جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کو اپنے گلے لگایا۔ حضرت گل شہید نے سوگواران میں بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑیں۔ نذیر اللہ محسود شہید کے غم گساروں میں بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔آئی ایس پی آرکے مطابق علاقے میں دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
