”صدر مملکت کا منصب قومی مجرم کی خواہش پر متنازعہ بنادیا گیا،عارف علوی مستعفی ہوں“جے یو آئی ترجمان اسلم غوری پھٹ پڑے

کراچی(سٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کی بے توقیری اور تباہی کاسہرا عمران نیازی کے سر جا تا ہے،قوم عمران نیازی سے پوچھتی ہے کہ یہ غیر ملکی ایجنڈا نہیں تو کس کا ایجنڈا ہے؟عارف علوی باوقار منصب کے تقاضوں کو پورا نہیں کرسکتے،استعفیٰ دے دینا چاہئے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر جے یو آئی کے ترجمان محمد اسلم غوری نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کا منصب قومی مجرم کی خواہش پر متنازعہ بنا دیا گیا،پارلیمنٹ کے منظور شدہ بل کو بدنیتی کی بنیاد پر واپس کرنا آئین کے ساتھ کھلواڑ ہے،عارف علوی باوقار منصب کے تقاضوں کو پورا نہیں کرسکتے ،استعفیٰ دے دینا چاہئے۔ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ ملک میں موجودہ سیاسی معاشی اور آئینی بحرانوں میں صدر کا کردار نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،سپریم کورٹ کے فیصلوں پر چوک اور چوراہوں میں تنقید ہو رہی ہے،کس کے لئے معزز عدالت کو یہاں تک پہنچایا جارہا ہے؟۔

ترجمان جے یو آئی ف اسلم غوری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی داخلی بے چینی بھی معزز عدالت کیلئے مذاق بن گئی ہے، ملک کو اس مقام تک پہنچانے والوں پر بلا تفریق آرٹیکل 6 لگایا جانا چاہیے، غیر ملک سپانسرڈ پروپیگنڈا کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے،زمان پارک میں ریاست مخالف سرگرمیوں کو دیکھ کرلگتا ہے کہ یہ بھارت کے کسی شہر میں واقع ہے،نیازی نوجوان نسل کے ذہنوں کو پراگندہ کررہا ہے،اخلاقی اقدار ختم،افطاری،تراویح اور مقدس راتوں کی حرمت کو پامال کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں