لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان سے محب حسن پیرزادہ( ینگ گروپ ایڈوائزر ویلیو گروپ) کی ملاقات،عمران خان نے محب حسن پیرزادہ سے ملاقات میں نئی نسل کے نام شاندار پیغام جاری کر دیا۔

”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ینگ انٹر پینور محب حسن پیرزادہ نے زمان پارک میں سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔عمران خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی لیڈرشپ صلاحیتوں کو پروان چڑھانا چاہیے،لیڈر شپ سکلز میں فیصلہ سازی کی صلاحیت،حق و سچ کا ساتھ دینے کا حوصلہ،درست منزل کا تعین، استقامت،محنت،مستقل مزاجی اور زندگی کا ویژن بہت کلیئرہونا چاہئے،نوجوان ملک و قوم،انسانیت کی خدمت کا جذبہ پیدا کریں،بہترین لیڈر وہ ہوتا ہے جو قوم کو رہنمائی دے اور خود اس راستے پر ہر رکاوٹ کا مقابلہ کرتے ہوئے استقامت سے چلتا رہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک بہترین قائد کی پہچان اس کی ذہنی بالیدگی،حوصلہ و ہمت،بلند نگاہی اور اس کے جرات مند اقدامات سے ہوتی ہے،اساتذہ طلبہ کو ایسے عظیم رہنماوں اور قائدین کی زندگیوں سے سبق فراہم کریں جنہوں نے معاشرے کا رخ ہی بدل دیا،زندگی کی کایا پلٹ کر رکھ دی،جب تک بنیاد پختہ نہ ہو کوئی بھی عمارت مضبوط اور پائیدار نہیں ہو سکتی،قیادت کے تعمیری عناصر میں علم اور کردار کو بنیادی حیثیت حاصل ہے،ملک و قوم کی آبیاری کا حوصلہ رکھنے والی نئی نسل کو مثبت تعمیری اوصاف سے ہم آہنگ کرنا ہو گا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ صلاحیتوں کو مناسب سمت اور رفتار سے روشناس کرنا پڑے گا،احترام انسانیت کے درس کے ساتھ عزت نفس کے جوہر سے آراستہ کرنا ہوگا،شخصی مفادات پر اجتماعی مفادات کو ترجیح دینے کی صلاحیت کو پروان چڑھانا ہو گا،ایثار و قربانی کے جذبے سے آراستہ کرنا ہو گا،صبر و تحمل کا مادہ پیدا کرنا ہوگا،اعتماد کی راہوں پر گامزن کرنا ہو گا،رواجی ذہن و فکر کے شکنجوں سے آزاد کر کےارتقا،ترقی اور کامیابی کے حقیقی معنی سے انھیں آگاہ کرنا ہوگا،قوت فیصلہ اور قوت نافذہ کی صلاحیت پیدا کرنا ہو گی،مجھے قوی امید بلکہ یقین ہے کہ نوجوان نسل فکر اقبالؒ و قائد اعظمؒ کی روشنی میں حقیقی جمہوری فلاحی ریاست کے لئے جدوجہد کرے گی۔