محسن نقوی کا دورہ لاہور پریس کلب،صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا اعلان

لاہورسٹاف رپورٹر)لاہورپریس کلب کی گورننگ باڈی کی دعوت پرنگران وزیراعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی نے لاہور پریس کلب کادورہ کیا۔معزز مہمان کی کلب آمدپر صدر اعظم چوہدری،سینئر نائب صدر شاداب ریاض،سیکرٹری عبدالمجید ساجد،جوائنٹ سیکرٹری حسن تیمور جکھڑ،ممبر گورننگ باڈی محمد نواز سنگرا،عالیہ خان،حافظ عدنان طارق لودھی، محسن بلال اور رضا محمد نے استقبال کیا۔اس موقع پر نگران وزیر اطلاعات و سابق صدر لاہور پریس کلب عامر میر،سیکرٹری اطلاعات و کلچر علی نواز ملک،ڈی جی پی آر میڈم روبینہ افضل اور پی جے ایچ ایف کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر حسیب زیدی بھی موجود تھے۔

وزیراعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی نے پریس کلب ممبران کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کا چیک دیا اور گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لاہور سمیت صوبے بھر کی صحافی برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں،وزیراعلی آفس کے دروازے ہر وقت صحافیوں کے لیے کھلے ہیں۔انھوں نے کہاکہ میں میڈیا پر کسی بھی قسم کی پابندی کی مذمت کرتا ہوں اور میڈیا پر قدغن نہیں بلکہ اظہار رائے کی آزادی کے حق میں ہوں،پنجاب حکومت صحافی برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔وزیر اعلی پنجاب نے لاہور پریس کلب کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے سیف سٹی کیمروں کی تنصیب،کلب بلڈنگ کی تزئین و آرائش اور توسیع کے احکامات بھی جاری کئے۔انھوں نے صحافی کالونی کے رہائش پذیر افراد کے لیے بھی سکیورٹی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔انھوں نے صحافی کالونی کے انتقال کی جلد بحالی کی یقین دہانی کرائی،کالونی میں سکیورٹی کیمروں کی تنصیب اور ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال کی تعمیر کی ہدایات بھی جاری کیں جبکہ ایف بلاک کی جلد تکمیل کے لئے موقع پر موجود ایل ڈی اے اور پی جے ایچ ایف کے افسران کوہدایات جاری کیں۔انھوں نے فیز ٹو کے حوالے سے بھی کہا کہ جلد بڑی خوشخبری ملے گی جبکہ متاثرین بی بلاک کے لئے صحافی کالونی کے اندر ہی موجود 77 کنال زمین ڈویلپمنٹ کرکے جلد الاٹ کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

صدر پریس کلب اعظم چوہدری،سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے صحافی کالونی اور لاہور پریس کلب کے مسائل کے حل پر وزیر اعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور انھیں کلب کی لائف ممبر شپ دینے کا اعلان کیا اور انفارمیشن منسٹر عامر میر کا خصوصی شکریہ اداکیا جن کی مسلسل کاوشوں سے لاہور پریس کلب اور صحافی کالونی میں درپیش مسائل کے حل کی جانب بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں