آئی ایم ایف نے پاکستان کو بڑی یقین دہانی کرادی

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف ) نے پاکستان کیساتھ جلد سٹاف لیول معاہدے کی یقین دہانی کرادی ہے جبکہ دوسری طرف آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹیلنا جارجیوا نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اپنا موجودہ پروگرام کامیابی سے مکمل کرلے گا اور اسے سری لنکا اورگھانا جیسی صورتحال کاسامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آج ایک اوراہم ورچوئل اجلاس ہوا،جس میں پاکستان کی قیادت وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کی جبکہ وزارت خزانہ،اقتصادی امور کے سیکرٹریز اورگورنر سٹیٹ بینک واشنگٹن سے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ڈپٹی ایم ڈی آئی ایم ایف اینٹونیٹ منیسہ نے پاکستان کی معاشی صورتحال اور اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا،پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کے پیشگی اہداف پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایم ایف کی ڈپٹی ایم ڈی نے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے سٹاف لیول معاہدے پر جلد دستخط کا یقین ظاہر کیا ہے۔

دوسری طرف واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستان نے جن معاملات پر اتفاق رائے کیا ان پر عمل سے پروگرام مکمل کرسکتے ہیں،امید ہے کہ یہ ہم سب کی خیر سگالی سے ممکن ہوگا،پاکستان موسمیاتی تغیرات کی فرنٹ لائن پر رہے گا،پاکستان میں زراعت کے مستقبل کی پائیداری پر سوچنا ہوگا،پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر بڑی محنت سے کام کر رہے ہیں،پاکستان ایسا پالیسی فریم ورک بنالے جس سے معاشی خطرات ٹل جائیں، ہم چاہتے کہ پاکستان پائیدار معاشی ترقی کی جانب گامزن ہو،ہم پاکستان سے اس وقت بین الاقوامی مالی سپورٹ کی یقین دہانی چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو موسمیاتی چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن پاکستانی حکام جو اقدامات کر رہے ہیں ان سے امید ہے کہ ہم اس پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرلیں گے،اس وقت ہم پاکستان کی مالی یقین دہانیوں کو یقینی بنانے پر بات کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں