روضہ رسول ﷺ کی چابیاں سنبھالنے والے خوش نصیب کون؟

مدینہ (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا میں کوئی ایسا مسلمان نہیں جس کی خواہش نہ ہو کہ وہ نبی کریمﷺ کی قبر کی زیارت کرے مگر دنیا میں صرف چند ہی ایسے افراد ہیں جنہیں یہ سعادت حاصل ہوتی ہے، روضہ رسولﷺ کی کنجیاں سنبھالنے کے علاوہ دیکھ بھال کرنے والے دنیا کے خوش قسمت ترین افراد مانے جاتے ہیں۔
نبی کریم ﷺ کے روضہ میں نبی کریم ﷺ کی قبر مبارک اپنے دو صحابہؓ امیر المومنین حضرت ابو بکر صدیقؓ اور حضرت عمرؓ کی قبور کے ہمراہ موجود ہے۔حضور اکرم ﷺاورصحابہ کرام ؓکی قبور کے گرد ایک چار دیواری موجود ہے جس سے متصل ایک اور دیوار موجود ہے جو کہ پانچ دیواروں پر مشتمل ہے ، یہ پانچ کونوں والی دیوار حضرت عمر بن عبدالعزیزؓنے تعمیر کروائی اور اس کے پانچ کونے رکھنے کا مقصد اسے خانہ کعبہ کی مشابہت سے بچانا تھا۔روضہ رسولﷺ کی اندر سے زیارت کرنیوالے بھی اس پانچ کونوں والی دیوار پر پڑے پردے تک ہی جا پاتے ہیں ، روضہ رسولﷺ کی زیارت کیلئے آنے والے زائرین جب روضہ رسولﷺ کی جالیوں کے سامنے کھڑے ہوتے ہیںتو جالیوں کے سوراخوں سے انہیں بس وہ پردہ ہی نظر آرہا ہوتا ہے جو حجرہ شریف کی پانچ دیواری پر پڑا ہوا ہے۔مورخین کے مطابق کعبہ کے کلید بردار خاندان کی طرح روضہ رسول ﷺکی صفائی اور دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی ایک مخصوص علاقے سے تعلق رکھنے والے مخصوص افراد کے پاس ہے۔
ان شخصیات کا تعلق حبشہ سے جا ملتا ہے جو گزشتہ 8 صدیوں سے روضہ رسول اور مسجد نبوی کی دیکھ بھال کی ذمہ داریوں کی سعادت سنبھالے ہوئے ہیں۔ روضہ رسول اور مسجد نبوی کے منبر کی چابیاں بھی اسی قبیلے کے افراد کے پاس ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں