لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر علی زیدی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی زیدی کی گرفتاری لندن پلان کا حصہ ہے ،عید کے بعد زمان پارک میں پولیس کے غیر قانونی ایکشن کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی سے ہمارے ایک اور سینئر رہنما علی زیدی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں،لندن پلان میں نواز شریف کو پی ٹی آئی کو کچلنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے تحت پی ٹی آئی کے 3000 سے زائد کارکن گرفتار اور اغوا کئے گئے اور اسی سلسلے میں پہلے علی امین اور اب علی زیدی کو اٹھایا گیا۔عمران خان نے دعوی کیا کہ اب مزید ایک نئے منصوبہ پر کام جاری ہے جس کے تحت 27 رمضان کے بعد یا عید کے بعد زمان پارک میں پولیس کے غیر قانونی ایکشن کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے،ان کا خیال ہے کہ ان اقدامات سے یہ انتخابات ہونے کی صورت میں ہمیں کمزور کر دیں گے،میں دو ٹوک الفاظ میں بتانا چاہ رہا ہوں کہ ان کا منصوبہ کامیاب نہیں ہو گا،ان حربوں سے عوام کا غصہ بڑھتا ہی جا رہا ہے اور وہ لندن منصوبے کا خمیازہ انتخابات میں بھگتیں گے۔
