فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ خان نے دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فتنے کو ایک سازش کے تحت اس ملک پر مسلط کیا گیا،یہ جتنا مرضی زورلگا لیں، 14مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے،جیسے ہی الیکشن قریب ہوں گے نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ انتخابات اکٹھے ہوں گے اور اسی سال ہوں گے،الیکشن نگران حکومتوں کے تحت اکٹھے ہوں گے،الیکشن مئی میں نہ ہوئے تو اکتوبر بھی دور نہیں،الیکشن مئی میں ہوں یا اکتوبر میں الیکشن مہم جاری رکھیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس فتنے کو ایک سازش کے تحت اس ملک پر مسلط کیا گیا،فتنے کو لانے میں ایک اوباش ٹولہ بھی ان کے ساتھ تھا،اس فتنے کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہے،یہ کہتا تھا خودکشی کر لوں گا مگر آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاﺅں گا،اس فتنے نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے مشکلات بڑھائیں،سی پیک مکمل ہو جاتا تو پاکستان کو ایک ایک بلین کیلئے ملکوں کے پاﺅں نہ پکڑنے پڑتے، ن لیگ کے دور میں دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا،جب جب اس ملک پر بحران آیا نواز شریف نے بحران سے نکالا،اگر ہم ایٹمی قوت نہ ہوتے تو آج تک انڈیا ہمیں کھا چکا ہوتا،مارشل لاء کے ذریعے ملک کو بحران میں دھکیلا گیا، 2018 میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا،ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی کوشش کی اور ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا، عنقریب آئی ایم ایف سے بھی معاہدہ ہوجائے گا۔
رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ اس ٹولے کے پاس پروپیگنڈے کے علاوہ کوئی چیز نہیں،انہوں نے چار سال میں جو کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے،ہماری لگی ہوئی تختیاں اتار اتار کر اپنی تختیاں لگائی گئیں،انہوں نے لوگوں کےساتھ صرف فراڈ اوردھوکہ کیا،اسٹیبلشمنٹ نے کانوں کو ہاتھ لگائے کہ اس کی مدد کر کے غلطی کی،اب اسٹیبلشمنٹ اپنی غلطی کا ازالہ کرنا چاہتی ہے۔