کراچی (شوبز ڈیسک)مومل شیخ نے نیپو کڈ کہلائے جانے کے دوران اپنی جدوجہد کا انکشاف کیا۔مومل شیخ نے انڈسٹری میں اپنے والد کی حیثیت کو تسلیم کیا۔مومل شیخ کا تعلق شوبز کے ایک ممتاز گھرانے سے ہے،ان کے والد،بھائی،کزن اور چچا سبھی انڈسٹری میں کامیاب اداکار کے طور پر جانے جاتے ہیں،اس کے باوجود انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز اپنے خاندان کے افراد کے مقابلے میں بعد میں کیا کیونکہ مومل شیخ کو شروع میں فیملی کی جانب سے اداکاری کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ آخر کار شادی کے بعد مومل شیخ کو ان کے شوہر نے شوبز انڈسٹری میں شامل ہونے کے ان کے فیصلے کی حمایت کی۔ تاہم انڈسٹری میں ان کے خاندان کے افراد کی موجودگی اورکامیابی کو دیکھتے ہوئے کچھ لوگوں نے ان کی کامیابی کا سبب اقربا پروری کو قرار دیا۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں مومل شیخ نے اعتراف کیا کہ ان کے والد جاوید شیخ انڈسٹری کی ایک ممتاز شخصیت ہیں لیکن خاندانی روابط رکھنا میدان میں کامیابی کی ضمانت نہیں دیتا۔پروڈیوسرز کی جانب سے ایسے فنکار میں سرمایہ کاری کرنے کا زیادہ امکان ہوتا ہے جسے سامعین قبول کرتے ہیں،چاہے ان کا پس منظر کچھ بھی ہو۔ مومل شیخ نے بتایا کہ اپنے پہلے پراجیکٹ کے بعد،انہیں بغیر کسی کام کے ایک سال تک کام کا انتظار کر نا پڑا اور نئے کردار کرنے کے لیے متعدد آڈیشنز دینے پڑے۔مومل شیخ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر وہ انڈسٹری میں اپنے والد کی ساکھ اور اقربا پروری کے تاثر کی وجہ سے کام کے لیے پروڈیوسرز سے رجوع کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھیں تاہم آخرکار اسے احساس ہوا کہ اس کا کیریئر اس کا اپنا سفر ہے اور پروڈیوسروں نے اس کا کام نہیں دیکھا ہوگا۔نتیجتا،اس نے آڈیشن میں شرکت کرنے اور نئے پروجیکٹس کو محفوظ کرنے کے لیے پہل کی۔