چیف الیکشن کمشنر کی سرکاری رہائش گاہ کی تعمیر کیلئے جاری اشتہار منسوخ

اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) نے چیف الیکشن کمشنر کی سرکاری رہائش گاہ کی تعمیر کے لئے 10کروڑ کا جاری ہونے والا اشتہار منسوخ کر دیا ہے۔


”پاکستان ٹائم“ کے مطابق معروف ٹی وی تجزیہ کا ر ارشاد بھٹی نے گذشتہ روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر اخبار میں شائع ہونے والا اشتہار شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ میں حکومت پر طنز کیا تھا کہ ”ایک ضروری اعلان سنئے،انتہائی خوشی اور فخر سے یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے گھر کی تزئین و آرائش پر 10 کروڑ لگیں گے،ٹینڈر حاضر خدمت ہے لیکن میرے پاکستانیو آپ نے پریشان نہیں ہونا ،ایک تو یہ صرف 10 کروڑ ہیں، جہاں وزیراعظم ڈیڑھ ارب کی سیر کر چکے ہوں ،وہاں دس کروڑ کی کیا اہمیت؟ اور دوسرا جتنی چیف الیکشن کمشنر کی خدمات ہیں ،ان کے گھر پر تو پی ڈی ایم حکومت 10 ارب بھی لگا دے تو کم ہیں، یہ تو صرف دس کروڑ ہیں،اعلان ختم ہوا۔“ارشاد بھٹی کے اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر حکومت پر خوب تنقید ہوئی جس پر آج سی ڈی اے کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سرکاری رہائش گاہ کی تعمیر کے حوالے سے بولیوں کے لئے جاری کیا گیا اشتہار منسوخ کر دیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر کی سرکاری رہائش گاہ پی ایس ڈی پی سکیم کا حصہ ہے اورسی ڈی اے نے چیف الیکشن کمشنر کی رہائش گاہ کی تعمیر کے لئے10کروڑ کا اشتہار جاری کیا تھا تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث عمل منسوخ کیا گیا ہے۔ترجمان سی ڈی اے نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مالی حالات بہتر ہونے تک کنٹریکٹ کا اشتہار منسوخ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ترجمان الیکشن کمشنر نے نئے گھر کی تعمیر کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ پچھلے تین سالوں سے منصوبہ بندی کے مرحلے میں تھا اور اسے معمول کے مطابق شائع کیا گیا تھا، موجودہ مالیاتی صورتحال کی وجہ سے اسے روک دیا گیا ہے اور منسوخ کر دیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ منصوبہ شروع ہو بھی جائے تو موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی مدت ملازمت میں مکمل نہیں ہو سکے گا، گھر کی تعمیر ایک معمول کا کام ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں