اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس کا عہدہ متنازعہ ہو گیا ہے،ایشو الیکشن کا نہیں بلکہ بنچ فکسنگ کا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیف جسٹس کی پوزیشن متنازع ہو چکی ہے،ا نکو استعفیٰ دینا چاہیے، 90دن میں الیکشن کے فیصلے کو حکومت پر مسلط کر دیا گیا،کیوں جھوٹ بولا گیا کہ ججز نے خود کو کیس سے الگ کر لیا؟جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ وہ بینچ سے الگ نہیں ہوئے،3 رکنی بینچ اس پٹیشن پر بنایا جو خارج ہو چکی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن کا معاملہ نہیں،یہ عدالتی سہولت کاری کا معاملہ ہے،کیا صرف پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے الیکشن لڑنا تھا؟سیاسی جماعتوں کو کیوں نہیں سنا گیا؟سپریم کورٹ کی لاج رکھنے کیلئے ہی سیاسی جماعتوں کوسن لیتے،نا قابل سماعت کیس کے اوپر چیف جسٹس نے تین رکنی بینچ بنایا،نا قابل سماعت کیس کا فیصلہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔