اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گن پوائنٹ پر کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے،بیک ڈور سے ایک سازش کی جارہی ہے ون یونٹ لاگو کرنے کے لئے اور اس کے لئے ہمارا کافی دیر سے یہ کوشش جاری ہے کہ ہم پہلے اپنے اتحادیوں کو اس بات پر منالیں،اتحادیوں کو ایک صفحہ پر لائیں،ڈائیلاگ کرنا ضروری ہیں،سیاسی مخالفین سے بھی ڈائیلاگ کرنا پڑا تو کریں گے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سرپر بندوق رہی تو اتحادیوں کو نہیں منا سکوں گا،اقلیت کا فیصلہ مسلط کرنے کے فیصلے کو بندوق کی نوک سمجھتے ہیں،جب تک 3/2 کا فیصلہ ختم نہیں ہوتا ہم اسے بندوق کی نوک سمجھیں گے،اتحادیوں سے اتفاق کرتے ہیں کہ گن پوائنٹ پر کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا ایک صوبے میں الیکشن ہونے کا اثر باقی تین صوبوں پر پڑے گا،مسائل کا حل نہیں نکالتے تو وفاق اور جمہوریت کو خطرہ ہے،کوشش ہے کہ مل بیٹھ کرعوام کی مشکلات کا حل نکالیں،شروع سے یہی موقف رہا کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں،آج جو صورتحال ہے کہ 90 دن کی خلاف ورزی ہم نے نہیں کسی اور نے کی،آدھے سے کم قومی اسمبلی ارکان نے استعفے دیے ہیں،قومی اسمبلی کی نشستوں پر بھی الیکشن نہیں ہوئے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا پشاور،لاہور،سندھ ہائی کورٹس سے استعفوں پر سٹے آرڈر لیا گیا،ہم کل بھی ون یونٹ کے خلاف تھے اور آج بھی اس کے خلاف ہیں، عمران خان دور میں بھی پنجاب میں بلدیاتی الیکشن نہیں ہو سکے،اگر پنجاب میں چند عناصر کی ضد کی وجہ سے پہلے الیکشن ہوئے تو اس کا اثر مستقبل میں رہے گا،ملک میں ون یونٹ لاگو کرنے کے لئے بیک ڈور سے سازش ہو رہی ہے،ہم ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کے حامی ہیں،سیاسی مخالفین سے بھی ڈائیلاگ کرنا پڑے تو بھی کرنے چاہئیں،ہم نے مل کراتفاق رائے کرنا تھا کہ ڈائیلاگ کا طریقہ کار کیا ہونا ہے؟۔
