لاہور (شوبز ڈیسک) سابق کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم نے ایکشن کامیڈی فلم منی بیک گارنٹی سے فلمی کیریئر کا آغاز کردیا،جس کے بعد ان کے مداح انہیں مزید فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اسی حوالے سے وسیم اکرم نے غیر ملکی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کرکٹ کے زمانے سے ماڈلنگ کرتے آ رہے تھے تا ہم پہلی بار انہوں نے فلم کے لیے کام کیا جو کہ ایک منفرد تجربہ تھا۔وسیم اکرم کے مطابق ماڈلنگ میں اتنی محنت نہیں کرنی پڑتی لیکن ڈراموں اور فلموں کی کہانی بڑی ہوتی ہے اور سکرپٹ کو یاد رکھنا مشکل بن جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ انہیں فلموں میں کام کرنے کا کوئی شوق نہیں تھا لیکن انہوں نے اپنے دوست اور فلم ساز فیصل قریشی کی فرمائش پر فلم میں کام کیا۔وسیم اکرم نے اعتراف کیا کہ سپر سٹار فواد خان کے سامنے اداکاری کرنے اور ڈائیلاگ بولنے میں انہیں پریشانی ہوئی لیکن فواد خان نے انہیں اس بات کا احساس تک نہیں ہونے دیا۔مستقل بنیادوں پر اداکاری کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وسیم اکرم نے کہاکہ انسان کو وہی کام کرنا چاہیے جو اسے آتا ہے تاہم واضح طور پر مستقبل میں اداکاری کرنے یا نہ کرنے سے متعلق انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔