لاہور(سپورٹس ڈیسک ) قومی ٹیم کے آل رانڈر محمد نواز نے کہا ہے کہ بطور سپنر ورلڈ کپ اور ایشیا کپ میں اہم ذمہ داری ہوگی، کنڈیشنز کے مطابق پریکٹس کریں گے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بطور آل رانڈر عماد وسیم، شاداب خان اور میری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کو فائدہ دیں، تینوں کی بیٹنگ ایسی صورتحال میں آتی ہے جہاں ٹیم کا ہم پر انحصار ہوتا ہے، پاکستان کے پاس سپنرز کا بہترین کامبی نیشن ہے، پچاس اوورز کیلئے فٹنس بھی اہم ہوتی جس کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فرسٹ کلاس کیرئیر میں مڈل آرڈر بیٹر کے طور پر کھیلتا رہا ہوں، جب بھی مڈل آرڈر میں کھیلنے کا موقع ملا تو صورتحال کے حساب سے کھیلوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں فرسٹ کلاس میچوں میں کم رنز ہوتے تھے، وقت کے ساتھ ساتھ پچ تبدیل ہوئی ہے، اب بیٹنگ کیلئے زیادہ سازگار ہوگئی ہے۔محمد نواز کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کیلئے سازگار پچ پر پلان کے ساتھ بولنگ کرنی پڑتی ہے، اگر پچ سے مدد نہ ملے تو فیلڈنگ اور ویری ایشن کے ساتھ بولنگ کرنی پڑتی ہے، بیٹنگ کیلئے سازگار پچوں پر وکٹیں لینے کی کوشش نہیں کرتے، وکٹیں لینے جا تو رنز پڑنے کا خطرہ ہوتا ہے، کوشش ہوتی ہے کہ بیٹنگ کیلئے سازگار پچوں پر بیٹر سے غلطی کروائی جائے۔
