لاہور(سٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کویکم مئی کو ریلی نکالنے سے روک دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس دیا ہے کہ لیبر ڈے پر ریلی نہیں نکال سکتے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ یکم مئی کی چھٹی کا مقصد مزدوروں کے موقف اور ان کے حقوق کے ساتھ کھڑے ہوں، مزدوروں کے حقوق کے لیے سیاسی جماعتیں ریلیاں نکالتی ہیں، سارے کا سارا معاشرہ اپنے مزدوروں کے ساتھ کھڑا نظر آتا ہے، یکم مئی کو ریلی نہیں نکال سکتے یہ کہنا حیران کن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کیا جمہوریت ہے؟ ہم ملک کو کدھر لے جانا چاہتے ہیں؟ الیکشن کمیشن ریلیوں پر پابندیاں لگا رہا ہے، قیادت کو نوٹسز بھیج رہا ہے، قیادت کو نوٹس بھیجنا غیر قانونی ہے، واپس لیا جائے۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ لاہور، پشاور اور اسلام آباد میں کل ریلیوں کو معمول کے مطابق ہونے دیا جائے، اگر مزدوروں کےحقوق کیلئے باہر نہیں نکل سکتے تو کب نکل سکتے ہیں؟۔
