راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)چیئرمین عمران خان کے میڈیا ایڈوائزر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کے مزدور کو رات سونے اور دن کو کھانے کی ٹینشن نہیں ہوتی تھی،آج 13جماعتی ٹولے نے احساس پروگرام کے تحت مزدور کی فلاح کے تمام پروگرام بند کر دیئے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عمران خان نے مزدوروں اور ناداروں کو کرونا وبا کے دنوں میں بھی تن و تنہا نہ چھوڑا،احساس پروگرام کے تحت جگہ جگہ لنگر خانے اور سرائے موجود تھے،سڑکوں پر بیٹھا مزدور ہیلتھ کارڈ کی بدولت علاج معالجے کی فکر سے بھی آزاد تھا،آج تیرہ جماعتی ٹولے نے احساس پروگرام کے تحت مزدور کی فلاح کے تمام پروگرام بند کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی ملی بھگت سے مفاد پروگرام کے تحت ڈاکووں کی فلاح کے تمام پروگرام شروع ہو چکے ہیں، وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا مزدور بہت جلد ایک بار پھر عزت سے سر اٹھا کر جیے گا۔
