لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے شہنشاہ چارلس سوئم کی باضابطہ طور پر تاج پوشی 6 مئی کو ہوگی جس میں دنیا بھر سے حکمرانوں اور دیگر شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، ہم نے برطانوی شاہی خاندان کو ہمیشہ ہی بھرپور پروٹوکول اور شاہانہ زندگی گزارتے ہوئے دیکھا ہے لیکن کیا آپ کو پتا ہے کہ چارلس سوئم کتنی دولت کے مالک ہیں۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق 1990 میں چارلس نے آرگینک اوک بسکٹ ڈچی اوریجنلز شروع کیے تھے جو بعد میں دیگر مصنوعات تک پھیل گئے۔ مصنوعات کو خصوصی طور پر برطانوی سپر مارکیٹ ویٹروس میں فروخت کیا جاتا ہے۔ پچھلے سال برانڈ نے 4 ملین ڈالر سے زیادہ کا منافع کمایا تھا، جو پرنس آف ویلز کی خیراتی فاو¿نڈیشن کو عطیہ کیا گیا۔تخت کے وارث کے طور پر چارلس ڈچی آف کارن وال اسٹیٹ کو بھی کنٹرول کرتے ہیں جس کی قیمت 1.3 ارب ڈالر ہے۔ یہ انگلینڈ بھر میں تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار ایکڑ اراضی پر محیط ہے۔ 2012 سے ان کے خالص اثاثوں کی قدر میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ چارلس نے 2022 میں کرائے کی آمدنی کے طور پر اسٹیٹ سے 28.3 ملین ڈالر کمائے۔شاہ چارلس کو اپنی والدہ سے ڈچی آف لنکاسٹر بھی وراثت میں ملی جس کی مالیت تقریباً 800 ملین ڈالر تھی۔ یہ انگلینڈ اور ویلز میں 45 ہزار ایکڑ سے زیادہ تجارتی، زرعی اور رہائشی جائیدادوں پر مشتمل ہے۔ اس زمین سے حاصل ہونے والی کمائی بادشاہ کی نجی آمدنی شمار ہوتی ہے۔یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ کنگ چارلس کو ڈچی کی آمدنی پر انکم ٹیکس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تاہم ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی والدہ کے نقش قدم پر چلیں گے اور سرکاری امور پر خرچ ہونے والی رقم کی کٹوتی کرنے کے بعد انکم ٹیکس ادا کریں گے۔مزید برآں کنگ چارلس کی آمدنی کا ایک بڑا حصہ خود مختار گرانٹ سے آتا ہے، جو برطانوی حکومت کی طرف سے بادشاہ کو سالانہ ادا کی جاتی ہے۔ یہ وہ منافع ہے جو برطانیہ کی حکومت بادشاہت کی طرف سے ان کے حوالے کی گئی زمین سے کماتی ہے۔ پچھلے سال اس کی کل آمدنی 106 ملین ڈالر سے زیادہ تھی۔ یہ رقم بادشاہ کے سرکاری فرائض کی ادائیگی اور بکنگھم پیلس سمیت شاہی رہائش گاہوں کی دیکھ بھال کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
