اسلام آ باد (وقائع نگار ) پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)کے چیئرمین کی گرفتاری کے بعد پرتشدد کارروائیوں پر سینئر قیادت کی گرفتاری کیلئے موبائل ٹریکنگ یونٹ کو متحرک کردیا گیا، جناح ہاوس(کور کمانڈر ہاوس) سمیت شہر میں توڑ پھوڑ اور آگ لگانے والے عناصر کی گرفتاری کا ٹاسک کاونٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ( سی ٹی ڈی) اور سپیشل برانچ کو سونپ دیا گیا جبکہ صوبہ بھر سے اب تک رہنماوں سمیت 300 سے زائد پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد شروع ہونیوالے پرتشدد مظاہروں پر پی ٹی آئی رہنماوں و کارکنوں کی گرفتاری کا ٹاسک سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کو سونپ دیا گیا جبکہ موبائل ٹریکنگ یونٹ کو بھی متحرک کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سینئر قیادت کی گرفتاری کیلئے موبائل ٹریکنگ یونٹ کو متحرک کردیا گیا، سی ٹی ڈی اورسپیشل برانچ کو آگ لگانے اور توڑپھوڑ کرنیوالوں کی گرفتاری کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق کلوز سرکٹ فوٹیجز، گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ نامزد ملزمان کے علاہ شرپسندوں کو گرفتار کرے گی۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ 300 گاڑیوں کو نمبر پلیٹس کی مدد سے ٹریس کیا گیا، گاڑی مالکان کی گرفتاری کیلئے آپریشن و انویسٹی گیشن ونگ سے معلومات شئیر کی گئیں۔
