عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے،سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات

اسلام آباد(وقائع نگار )پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے سربراہ ا ور سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں پہنچ گئے ہیں،اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس نے اسلام آباد ہائی کورٹ جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا ہے،عمران خان کو گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے پیش ہونے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق عمران خان پولیس لائنز سے پولیس اور رینجرز کی سیکیورٹی میں اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے ہیں ،اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں ۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کیس کی سماعت کے لئے خصوصی ڈویژن بنچ تشکیل دے دیا ہے ۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز ڈویژن بنچ میں شامل ہیں ۔عمران خان بائیو میٹرک کروانے کے لئے اسی کمرے میں پہنچ گئے ہیں جہاں سے تین روز قبل انہیں گرفتار کیا گیا تھا ،اس موقع پر وکلاءکی بہت بڑی تعداد جمع ہے جو عمران خان کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں ۔سپریم کورٹ نے گزشتہ روز القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دے کر عمران خان کی رہائی کا حکم دیا تھا لیکن عمران خان کی بنی گالا جانے کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔عمران خان کو پولیس گیسٹ ہاو¿س میں مہمان بنایا گیا، چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں عمران خان کو کہا تھا کہ آپ گیسٹ ہاو¿س میں رات گزاریں، گپ شپ لگائیں اور سو جائیں، صبح عدالت میں پیش ہوجائیں۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا جو بھی فیصلہ ہوگا آپ کو ماننا ہوگا، یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں