اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے سربراہ عمران خان سے صحافی نے سوال کیا کہ سنا ہے آپ کی ڈیل ہوگئی ہے؟ جس پر عمران خان مسکرا دیئے اور کہا کہ مجھے دوبارہ گرفتار کیا جا سکتا ہے ،اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو مزاحمت نہیں کروں گا ،یہ ملک میرا ہے اور لوگ میرے ہیں ،ملک سے بھاگ کر نہیں جاوں گا ۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے اہلیہ سے بات کرنے کی اجازت دی تھی، بشریٰ بی بی سے بات نہیں کرائی گئی۔آڈیو لیک سے متعلق سوال کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مسرت جمشید چیمہ سے نیب کی لینڈ لائن سے بات کی تھی۔سابق وزیراعظم نے ایک بار پھر خدشہ ظاہر کیا کہ مجھے پھر سے گرفتارکرلیا جائے گا، مزیدنفری بلانے کا مقصد مجھے دوبارہ گرفتار کرنا ہے۔صحافی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے سوال کیا ہے کہ سنا ہے آپ کی ڈیل ہوگئی ہے، عمران خان ڈیل کے سوال پر مسکرادیئے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے سرپر ڈنڈا مار کراغوا کیا گیا، پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کا سربراہ ہوں، ایسے پکڑکرگرفتار کیا گیا جیسے دہشت گرد ہوں مجھے قتل کرنے کیلئے دو بار حملہ کیا گیا، پہلے ہی بتایا تھا کہ ایسا ردعمل آ سکتا ہے، جو کچھ ہوا اسے میں کیسے روک سکتا تھا؟۔عمران خان کا کہنا تھا جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی،لاہور میں میرے گھر پر حملہ کیا گیا،میں تمام کیسزمیں ضمانتوں پرتھا،نیب کا دوران حراست میرے ساتھ رویہ اچھا تھا، یہ میرا ملک ہے میری فوج ہے،میں کسی صورت ملک سے باہر نہیں جاو¿ں گا،ملک میں آئین وقانون کی بالادستی چاہتا ہوں،جن کی جانیں گئیں وہ ہمارے لوگ ہیں۔
