اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی رہنماوں ڈاکٹر شیریں مزاری اور سینیٹر فلک ناز کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے شیریں مزاری کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا آرڈر کالعدم قرار دے دیا۔ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے اپنی والدہ شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف ہا ئیکور ٹ سے رجوع کیا،وکیل کاکہنا تھاکہ مجسٹریٹ نے نقص امن کے خدشہ پر شیریں مزاری کی گرفتاری کا آرڈر جاری کیا۔شیریں مزاری پر کارکنوں کو اکسانے اور اشتعال دلانے کا الزام ہے،وکیل ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ شیریں مزاری 9 مئی کے بعد سے گھر پر تھیں اور کوئی پبلک سٹیٹمنٹ بھی نہیں دی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ جو ریکارڈ آپ نے پیش کیا ہے اس میں تو کچھ بھی نہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیریں مزاری کی حراست کے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینیٹر فلک ناز کو بھی فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔یاد رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی خواتین رہنماوں کو مظاہرین کو ہنگاموں کیلئے اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
