راولپنڈی(کرائم سیل )قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم انٹرپول کے ذریعے سعودی عرب سے پاکستان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی اداررے(ایف آئی اے)کے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے این سی بی انٹرپول پاکستان کی کارروائی میں سعودی عرب سے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ملزم راشد محمود قتل کے مقدمے میں تھانہ قلعہ دیدار سنگھ گوجرانوالہ کو مطلوب تھا،جس کے خلاف 2010 میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہوا تھا۔گرفتار ملزم کو بین الاقوامی پرواز سے اسلام آباد ائرپورٹ منتقل کیا گیا۔متعلقہ ضلعی پولیس کی درخواست پر این سی بی انٹرپول پاکستان نے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے ملزم کو متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی حوالگی انٹرپول پاکستان کی انٹرپول سعودی عرب کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
