اسلام آباد(نیوز رپورٹر ) فواد چودھری کی اہلیہ نے کہا ہے کہ عدالت کی جانب سے ضمانت دی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود میرے شوہر کو دہشت گردوں کی طرح اٹھایا جاتا ہے۔ ”پاکستان ٹائم“ کے مطابق عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حبا فواد نے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میرے شوہر کو عدالت سے ضمانت ملتی ہے اور عدالت کے باہر انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، اس معاملے کو دیکھیں۔ کیا یہ انصاف ہے اس ملک میں؟فواد چودھری کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ جب ایک عدالت نے ضمانت دے دی ہے تو کس حیثیت سے انہیں دہشتگردوں کی طرح گرفتار کیا جارہا ہے؟ مجھے اس ملک پر افسوس ہے۔ نہ انہیں بچوں کا خیال ہے نہ بچیوں کا۔خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے منگل کو تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو رہا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ جسٹس گل حسن اورنگزیب نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے فواد چودھری کی گرفتاری کو کالعدم قرار دیا تھا۔رہا کرنے کے حکم کے باوجود فواد چودھری جیسے ہی احاطہ عدالت سے باہر آئے تو انہیں دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما نے دوڑ لگا دی اور دوبارہ کمرہ عدالت میں پہنچ گئے۔دورنے سے فواد چودھری کا سانس پھول گیا اور اس کی حالت خراب ہو گئے۔ وکلاءنے فواد کو تھامے ہوے پکڑ کر کمرہ عدالت میں واپس لے گئے۔
