اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو کسی بھی خفیہ مقدمے میں گرفتاری سے روک دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق عدالت عالیہ اسلام آباد نے فوادچودھری کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے حکام کوان کی کسی بھی خفیہ مقدمے میں گرفتاری روک دیا جبکہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کوفوادچودھری پردرج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیدیا اورکہا کہ سپیشل میسنجرکے ذریعے آرڈر کی کاپی انسپکٹر جنرل( آئی جی)پولیس کو بھیجی جائے۔اس سے پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج فواد چوہدری کی گرفتاری کیخلاف درخواست کی سماعت کے دوران دلائل مکمل ہونے پرفیصلہ محفوظ کیا تھا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا۔عدالت عالیہ نے حکام کو سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی کسی اور مقدمے میں بھی گرفتاری سے روک دیا۔عدالت سے رہائی کے بعد فواد چوہدری جب اپنی گاڑی میں بیٹھ کر جانے لگے تو انہیں دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، جس پر وہ گاڑی سے کود کر بھاگ نکلے اور دوڑتے ہوئے دوبارہ عدالتی احاطے میں داخل ہوگئے۔ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کو لاہور کے مقدمے میں گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے ان کی آج ہی ضمانت منسوخ کی تھی۔
