ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن اور اداکارہ انوشکا شرما کے بغیر ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل پر سفر کرنے پر ممبئی پولیس نے ایکشن لے لیا۔ ”پاکستان ٹائم“ کے مطابق امیتابھ بچن نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ٹریفک جام کے درمیان ایک اجنبی آدمی کے ساتھ بائیک پر سفر کرتے نظر آرہے ہیں۔ دوسری جانب، اداکارہ انوشکا شرما کو بھی ٹریفک جام سے بچنے کے لیے اپنے ایک باڈی گارڈ کے ساتھ بائیک پر سفر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ امیتابھ بچن اور انوشکا شرما کی یوں بغیر ہیلمٹ پہنے بائیک پر سفر کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے بعد جہاں کچھ لوگوں نے دونوں اداکاروں کی تعریف کی تو وہیں کچھ ایسے صارفین بھی تھے جنہوں نے ممبئی پولیس کو ٹیگ کرتے ہوئے اس بات کی نشاندہی کی کہ دونوں اداکار ہیلمٹ کے بغیر بائیک پر سفر کر رہے تھے۔ جس کے بعد ممبئی پولیس نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر صارفین کو آگاہ کیا کہاس معاملے کے بارے میں ٹریفک برانچ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
