ممبئی(شوبز ڈیسک )معروف بھارتی اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے اپنے والد کی سالگرہ کے موقع پر انکے ہمراہ یادگار تصویر اور ایک محبت سے بھرپور پیغام جاری کر دیا۔
فلم لیڈیز ورسز ریکی بہل سے اپنی اداکاری کا آغاز کرنے والی پرینیتی چوپڑا گزشتہ ماہ بھارتی پارٹی بی جے پی کے رہنما راگھو چڈھا سے منگنی کے رشتے میں بندھ گئی تھیں۔منگنی کی اس تقریب کے بعد سے اداکارہ اور راگھو وقتا فوقتا اس ایونٹ کی یادگار تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر شئیر کر رہے ہیں لیکن اداکارہ نے اپنے والد کی سالگرہ کے موقع پر منگنی کی تقریب پر کھینچی گئی والد کے ہمراہ ایک تصویر شئیر کی جو صارفین کو بے حد پسند آئی۔اداکارہ کی جانب سے شئیر کی گئی اس تصویر میں پرینیتی اور انکے بھائی والد کے سامنے کھڑے ہیں اور دونوں ٹشو پیپر سے والد کے خوشی کے موقع پر نکلے آنسو پونچھ رہے ہیں۔اپنی اس پوسٹ کے ساتھ پرینیتی چوپڑا نے لکھا کہ میں نے آپ سے مضبوط بننا سیکھا،میں نے آپ سے فطرت میں نرمی سیکھی،چیتے جیسی نظر اور بچے کی مانند دل،آپ دنیا کے سب سے بہترین والد اور انسان ہیں،سالگرہ مبارک ہو۔
اداکارہ نے اپنے والد کے لیے شئیر کی گئی اس پوسٹ کے منجانب میں اپنے دونوں بھائی سہاج اور شیوانگ اور خود کا نام لکھا۔پرینیتی کی اس پوسٹ پر انکے پرستاروں نے محبت برسانے میں بالکل کنجوسی سے کام نہ لیتے ہوئے پیار بھرے کمنٹس کر کے انکے والد کو بھی سالگرہ کی مبارکباد دی۔واضح رہے کہ پرینیتی نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم لیڈیز ورسز ریکی بہل سےکیا جس کے بعد ریلیز ہوئی انکی فلم عشق زادے نے انکو ایک بہترین اداکارہ کے طور پر بالی ووڈ میں اپنا الگ مقام بنانے کا موقع دیا۔