راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 41 دن کی مہمان حکومت نے بدترین بجٹ پیش کرکے قوم کو دھوکا دیا ہے۔
آرٹس کونسل میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ انتخابات 2023 صوبائی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ہماری حکومتوں نے ہر وہ کام کیا جس کی آئی ایم ایف نے انہیں ہدایت دی۔ بجٹ کے کل حجم کا 7.4 سود اور سودی قرضوں کے لیے ہے،حکومت نے کوئی انقلابی فیصلہ نہیں کیا، 24 کروڑ عوام کا ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبا
دیا گیا۔
سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کو 100 سال بھی ملیں تو بھی یہ پاکستان کو روانڈا بنا سکتے ہیں مگر ترقی کی طرف نہیں لے جا سکتے۔قومی اسمبلی میں مزدور اور غریب کی نمائندگی جاگیردار اور وڈیرے کرتے ہیں،آج 3 کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ حکومت بتائے انہیں تعلیم دینے کے لیے کیا منصوبہ ہے۔ کیا سودی نظام کے بجائے مائیکرو فنانسنگ کا نظام نہیں لایا جاسکتا۔بلوچستان بارود کے ڈھیر پر ہے، خیبر پختونخوا میں روز لاشیں گرتی ہیں، امن کون قائم کرے گا۔ ہماری عدالتوں کے جج خود اعتراف کرتے ہیں ہم انصاف نہیں کر سکتے،ہماری عدالتوں میں سلیکٹڈ انصاف ہو رہا ہے،پاکستان میں احتساب نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔