نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پہنچنے سے پہلے ہی سمندری طوفان”بائپر جوائے “نے بھارت میں تباہی مچا کر رکھ دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ممبئی میں آنے والے بائپر جوائے کے باعث چار افراد ڈوب گئے، ڈوبنے والے چاروں نوجوان تھے۔ گجرات کے جنوب میں ممبئی میں پولیس اہلکار نے کہا کہ پیر کی شام جوہو کے ساحل پر چار لڑکے ڈوب گئے،اب تک ہمیں دو کی لاشیں ملی ہیں اور باقی دو کی تلاش جاری ہے۔حکام نے بتایا کہ طوفان بحیرہ عرب میں اونچی لہروں،موسلا دھار بارشوں اور تیز ہواوں کے ساتھ گجرات کے ساحلی علاقوں کو ٹکرایا،درخت اکھڑ گئے اور دیواریں گر گئیں جبکہ راجکوٹ میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔ماہرین موسمیات نے 125-135 کلومیٹر فی گھنٹہ کی زیادہ سے زیادہ طوفانی ہوا کی رفتار کی پیش گوئی کی ہے جو 150 کلومیٹر (93 میل) فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:سیاح کو نگلنے والی شارک کا پوسٹمارٹم کر دیا گیا،ڈاکٹرز کے حیران کن انکشافات
دوسری طرف مودی حکومت نے خطرناک طوفان سے بچاو کے لئے ریاستی حکومتوں کو احکامات جاری کر دیئے ہیں اور ہنگامی حالات کے پیش نظر ہسپتالوں اور دیگر امدادی اداروں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔بائپر جوائے طوفان کے پیش نظر بھارتی گجرات کے ساحلی علاقوں سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے کہا کہ سمندری طوفان بائپرجوائے کی وجہ سے نشیبی ساحلی علاقوں میں تین سے چھ میٹر اونچی سمندری لہریں اٹھ سکتی ہیں،اس لیے ایسے علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔