کراچی (شوبز رپورٹر) معروف اداکار آغا علی نے انکشاف کیا ہے کہ لاہور اور فیصل آباد کے درمیان 15 منٹ کی فلائٹ میں ٹیک آف کے بعد باتھ روم گئے تو وہاں لاک ہوگئے، مدد کے لئے کئی بار ایئر ہوسٹس کو آوازیں لگائیں لیکن کسی نے نہیں سنا ،جب لینڈنگ کا وقت آیا تو ایئر ہوسٹس نے دروازہ کھول کر باہر نکالا۔
اپنے ایک انٹرویو میں زندگی کا یادگار واقعہ سناتے ہوئے آغا علی نے بتایا کہ جب پہلی مرتبہ جہاز میں سوار ہوا تو بہت پرجوش تھا حالانکہ یہ فلائٹ صرف 15 منٹ کی لاہور سے فیصل آباد تک کی تھی،ایک دن کا سفر تھا ،اسی دن جانا اور اسی دن واپس آنا تھا تاہم واپسی کے سفر میں انہیں تجسس ہوا کہ جہاز کا باتھ روم کیسا ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ باہر نکالنے کے بعد ایئر ہوسٹس نے انہیں بہت ڈانٹا اور سخت لہجے میں سیٹ پر جا کر بیٹھنے کا کہا جس کے بعدانہوں نے دوبارہ ہوائی جہاز کے سفر سے توبہ کرلی تھی ۔