”شہر یار آفریدی جیل سے اچانک غائب ہو گئے“تہلکہ خیز دعویٰ سامنے آ گیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے اسیر رہنما اور سابق وفاقی وزیر شہر یار آفریدی کے اڈیالہ جیل سے رات گئے ”اچانک غائب“ ہونے کا تہلکہ خیز دعویٰ سامنے آ گیا ہے ،قاسم خان سوری نے شہریارآفریدی کے جیل سے ”غائب“ ہونے کا نوٹس لینے کی اپیل کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اعظم خان نے مکڑی کی طرح جال بنا،سائفر ڈرامہ بے نقاب ہو گیا
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما قاسم خان سوری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ”شہریار آفریدی جو اس وقت اڈیالہ جیل میں جوڈیشل ریمانڈ میں ہیں،ان کے وکیل کے مطابق رات کئے اڈیالہ جیل سے انہیں نامعلوم افراد لے کر گئے،یہ جیل کے قانون کی مکمل خلاف ورزی ہے اور عدالت کی ذمہ داری ہے،قوانین کی اس سراسر خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کیا اسلام آباد ہائی کورٹ اور دیگر عدالتیں ایکشن لیں گی؟کیا جیل سپرنٹنڈنٹ کو برطرف کیا جائے گا؟کیا آئی جی جیل خانہ جات پنجاب سے جواب طلب کیا جائے گا؟۔قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کی فاشسٹ امپورٹڈ حکومت پاکستان میں لا قانونیت اورانسانی حقوق کی دھجیاں اڑا کر لوگوں میں نفرت کے بیج بو رہی ہے،اس وقت پاکستان میں مکمل طور پر جنگل کا قانون نافذ ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل شہر یار آفری کے وکیل شیر افضل خان مروت کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ شہریار آفریدی کو اڈیالہ جیل سے نامعلوم افراد کی جانب سے رات گئے نکالنا سراسر غیر قانونی ہے، شہریار آفریدی کے وکیل کی حیثیت سے،میں تصدیق کرتا ہوں کہ میرے موکل کو 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف دفعہ 164 کا بیان ریکارڈ کرنے پر مجبور کرنے کے لیے دھمکیاں اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں