پنجاب یونیورسٹی ٹاون تھری جنرل باڈی اجلاس کا حقائق سے ہٹ کر اعلامیہ جاری کیا گیا، متاثرین

پنجاب یونیورسٹی ٹاون تھری جنرل باڈی اجلاس کا حقائق سے ہٹ کر اعلامیہ جاری کیا گیا، متاثرین

لاہور (وقائع نگار) پنجاب یونیورسٹی ٹاون تھری متاثرین ایسوسی ایشن نے جنرل باڈی اجلاس کا حقائق سے ہٹ کر اعلامیہ جاری کرنے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل باڈی اجلاس کا اعلامیہ حقائق کے برعکس جاری کیا گیا۔ اپنے بیان میں صدر ڈاکٹر خرم شہزاد، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر عامر سعید، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شبیر سرور نے کہا ہے کہ ممبران کے اعتراضات کے باعث جنرل باڈی اجلاس میں اعتماد کے نام پر کسی قسم کی ووٹنگ نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ متعدد ممبران نے شکایت کی ہے کہ انہیں جنرل باڈی کی اطلاع بھی موصول نہیں ہوئی جس کے باعث 50 سے بھی کم ٹاون تھری کے ممبران اساتذہ نے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ الرازی ہال میں 175 سیٹ ہیں جن میں ممبران کے عزیزوں نے بھی شرکت کی۔ اور معلوم یہ ہو رہا ہے کہ 800 میں سے 150 کے لگ بھگ پلاٹ مالکان نے شرکت کی ہے جو کہ ممبران کے مینجمنٹ کمیٹی پر عدم اعتماد کا ثبوت ہے۔ جو ان کے بلانے پر بھی نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ اہم عہدوں پر بدستور تعینات ہونے کے باعث ملازمین کو دباو میں لایا جا رہا ہے اور انکوائریز پر اثر انداز ہوا جا رہا ہے۔ اظہر نعیم ، کامران عابد اور ساجد رشید نے اپنے دفتروں میں کام کرنے والے یونیورسٹی ملازمین کے ذریعے مخالف نقطہ نظر پیش کرنے میں رکاوٹیں ڈلوائںیں.ٹاون تھری کےمتاثرین کو موقف پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا اور سوال کرنے پر ایک معزز پروفیسر کے ساتھ تلخ کلامی کی گئی۔ ٹاون تھری متاثرین نے ڈاکٹر اظہر نعیم و دیگر کی جانب سے محکمہ اینٹی کرپشن کے بارے میں تضحیک آمیز الفاظ استعمال کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے سوالات کے جوابات نہیں دئیے۔ ممبران کے مطالبے پر مینجمنٹ کمیٹی نے نجی ہاوسنگ سکیم کے ساتھ کئے گئے معاہدہ کو ممبران کے ساتھ شئیر کرنے کی یقین دہانی کرائی تاہم ایک محترم استاد نے سٹیج پر جا کر نجی سوسائٹی کے ساتھ معاہدہ دیکھنے کا مطالبہ کیا تو انہیں معاہدہ نہیں دکھایا گیا اور 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود معاہدہ کسی بھی ممبر کے ساتھ شئیر نہیں کیا گیا۔ اجلاس میں مینجمنٹ کمیٹی کے اہم رکن ڈاکٹر امجد عباس مگسی مے بھی وضاحت دی کہ نجی سوسائٹی سے متعلق معاہدہ انہیں بھی نہیں دکھایا گیا۔ اجلاس میں ممبران نے غیر قانونی اور غیر اخلاقی جرمانے کرنے پر مینجمنٹ کمیٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاون تھری کی مینجمنٹ کمیٹی نے حقائق سے برعکس بریفنگ دی۔ ٹاون تھری متاثرین ایسوسی ایشن نے وزیر اعلی پنجاب محسن رضا نقوی کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے نوٹس لینے کے باعث پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ و ملازمین کو پلاٹ ملنے کی امید پیدا ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں