ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک ) سعودی عرب میں ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے مملکت بھر میں گاڑیوں کی انشورنس نہ کرانے پرخودکارچالان سسٹم کا آغاز ہو گیا۔
پاکستان ٹائم کے مطابق سعودی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے گاڑیوں کی انشورنس نہ کرانے والوں کا خود کارچالان بلا کسی استثنی کیا جائے گا۔ٹریفک قوانین کے مطابق گاڑی کی انشورنس نہ کرانا خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے جس پر 100 سے 150 ریال تک چالان کیا جاتا ہے۔انشورنس خلاف ورزی پر ہونے والے چالان کا یہ مطلب نہیں کہ ایک بار چالان ہونے کے بعد دوبارہ نہیں کیا جائے گا یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک گاڑی کے لیے بیمہ پالیسی جاری نہیں کی جاتی۔واضح رہے ٹریفک پولیس کے چالان سسٹم کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔خلاف ورزی ریکارڈ کرنے کے لیے شاہراہوں پر انتہائی حساس نوعیت کے کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔اس پروگرام کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ گاڑی کی نمبرپلیٹ کے ذریعے تمام کوائف کنٹرول روم تک پہنچ جاتے ہیں۔سسٹم خلاف ورزی ریکارڈ کرنے کے بعد گاڑی کے مالک کے موبائل پرچالان کا اطلاعی پیغام ارسال کردیتا ہے۔یاد رہے کہ سعودی محکمہ ٹریفک نے بغیر انشورنس والی گاڑیوں کے مالکان کو یکم اکتوبر تک مہلت دی تھی۔انشورنس کمپنیاں دعوی کر رہی ہیں کہ سعودی عرب میں 50 فیصد گاڑیاں ایسی ہیں جو بغیر انشورنس کے سڑکوں پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:یو اے ای پاکستان سے گوشت درآمد روکنے کا فیصلہ واپس لے،ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا مطالبہ