تحریک انصاف نے عثمان ڈار کا انٹرویو "نئی بوتل میں پرانی شراب" قرار دے دیا

تحریک انصاف نے عثمان ڈار کا انٹرویو “نئی بوتل میں پرانی شراب” قرار دے دیا

اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گزشتہ 25 روز سے لاپتا ہونے والے پارٹی رہنما عثمان ڈار کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے اینکر کامران شاہد کو دیئے جانے والے انٹرویو پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ‏پاکستان تحریک انصاف کے جبری طور پر لاپتہ کئے گئے رہنما عثمان ڈار کی منظرِ عام پر اچانک آمد اور ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو “نئی بوتل میں پرانی شراب“ ہے، 24 روز تک نامعلوم اغوا کاروں کی حراست میں گزارنے کے بعد عثمان ڈار کی ایک نجی ٹی وی چینل پر رونمائی بلاشبہ خود اغواء کاروں کو بےنقاب کرتی ہے۔ پاکستان ٹائم کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے عثمان ڈار کے انٹرویو پر ردعمل میں کہا گیا ہے کہ عثمان ڈار کو 10 ستمبر کو کراچی سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا، عثمان ڈار کی جبری گمشدگی پر ان کی والدہ اور بھائی سمیت اہلِ خانہ کے متعدد بیانات/پیغامات ریکارڈ پر موجود ہیں،پچھلے 5 ماہ کے دوران عثمان ڈار کی رہائشگاہ پر پولیس کے چھاپوں، انکی والدہ اور دیگر خواتین اہلِ خانہ سے بدسلوکی اور ان کی فیکٹری اور رہائشگاہ پر پڑنے والے تالے پوری قوم دیکھ چکی ہے، اس 24 روزہ جبری گمشدگی کے دوران جسمانی و ذہنی تشدد اور جبر کے آثار ان کی کانپتی آواز، متذبذب باڈی لینگویج اور بے ربط خیالات سے واضح ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے 5 ماہ بعد 24 روزہ جبری گمشدگی کے بعد دیے گئے انٹرویو کی عوام کی نگاہ میں کوئی اہمیت ہے نہ ہی اس کی کوئی قانونی حیثیت،خدشہ ہے کہ اسی قسم کے ہتھکنڈے ہمارے دیگر اغواء کنندگان بشمول صداقت عباسی ، فرخ حبیب اور شیخ رشید پر بھی آزمائے جائیں گے اور ایسے ہی مزید ڈرامے نشر کئے جائیں گے، ہمیں عثمان ڈار سے ہمدردی اور پارٹی کیلئے ان کی وابستگی کا کلیتاً احساس ہے،چیئرمین عمران خان کی بے گناہی اور تحریک انصاف کو میسّر عوامی تائید کی گواہی خود عثمان ڈار نے دی،ملک کو گھسے پٹے ڈراموں اور فلموں کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے 9 مئی کے واقعات کی اعلیٰ سطحی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات اور عوام کو ووٹ کا حق دینے کیلئے 90 روز کی دستوری مدت میں انتخاب کروائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:عثمان ڈار اچانک منظر عام پر، سنسنی خیز انکشافات کر دیئے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں