برآمدات کے فروغ کیلئے سٹیک ہولڈرز،متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنزپر مشتمل اتھارٹی کے قیام کی تجویز

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے برآمدات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے،نئی منڈیوں کی تلاش،ان تک رسائی،موثر تشہیر اور مارکیٹنگ کیلئے برآمدی شعبوں،بیرون ممالک سفارت خانوں،سٹیٹ بینک سمیت متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنز پر مشتمل اتھارٹی کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات کے موجودہ حجم کے ساتھ 25 کروڑ آبادی کے ملک کا پہیہ چلنا بہت مشکل ہے،برآمدات کے فروغ کیلئے طویل المدت پالیسی کے ساتھ حکومتی سرپرستی بھی نا گزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کاروں کی فروخت میں بڑی کمی،اعدادو شمار سامنے آگئے
ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے ہفتہ وار جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک،سینئر ممبر ریاض احمد،سعید خان،میجر(ر)اختر نذیر،شاہد حسن شیخ،عمیر عثمان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔عثمان اشرف نے کہا کہ حکومت فیسلیٹیشن کونسل کے ذریعے جس طرح غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل سرخ فیتے کو دور کرنے کیلئے کوشاں ہے،پاکستان کے برآمدی شعبے بھی اسی رویے اور طرز عمل کے متقاضی ہیں،جب تک مشکلات حل نہیں ہوں گی،برآمدات کا فروغ ممکن نہیں،مستقبل میں برآمدات کے فروغ کے لئے کیا پالیسی بنائی جارہی ہے؟اس کے لئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے تاکہ ایسا پالیسی ڈرافٹ تیار ہو سکے جس کے مثبت نتائج بھی نکل سکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی وجہ سے برآمد کنندگان ذہنی اذیت اور دباﺅ کا شکار ہیں،مہنگی لیبر اور دیگر وجوہات کی وجہ سے پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے،حال ہی منعقد ہونے والی عالمی نمائش کی وجہ سے بڑے پیمانے پر برآمدی سودے ہونے کا امکان ہے لیکن ڈالر کی قدر میں کمی کے تسلسل سے ایکسپورٹرز معاہدوں میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں معیار اور قیمتوں کے حوالے سے بہت سخت مقابلہ ہے،معیار کے لحاظ سے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالین منفرد پہچان رکھتے ہیں لیکن پیداواری لاگت اور فریٹ کے اخراجات کی وجہ سے ہم مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو جاتے ہیں،حکومت سے اپیل ہے کہ ڈالر کو ایک سطح پر رکھا جائے تاکہ پاکستانی ایکسپورٹرز کی معاہدوں کے حوالے سے ساکھ متاثر نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی فی تولہ قیمت کتنی ہے؟جانیے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں