اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو بڑی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے بیرون ملک دوروں کے اشتہارات شائع کرنے کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے سات صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیاہے ، فیصلے میں کہا گیاہے کہ عدالت نے بڑی احتیاط سے اخبارات میں چھپے اشتہار کا جائزہ لیا ،اشتہار وزیراعظم کی تشہیر نہیں بلکہ پاک ترک خصوصی تعلقات سے متعلق ہے ، اخباری اشتہار میں ترک صدر کی تصویر بھی لگائی گئی ہے ،اشتہار میں ایسا کوئی مواد نہیں جسے وزیراعظم کی ذاتی تشہیر قرار دیا جا سکے ،عدالت بھی بصورت دیگر پاکستان ترکی تعلقات کے اشتہار کومتنازع نہیں بنائے گی۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت نے وزیر اعظم کے دورہ ترکی کی تشہیر کے خلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان نے غیر ملکی دوروں پر پبلک فنڈز کے استعمال کو چیلنج کیا تھادرخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ وزیر اعظم کا دورہ ترکی پر پبلک فنڈز کا استعمال کرکے میڈیا میں اشتہارات شائع کرائے گئے دورہ ترکی سے متعلق میڈیا پر اربوں روپے کے اشتہارات بارے عوام نے شدید ردعمل کا اظہار کیا قوم کا پیسہ اشتہارات پر ضائع کیا گیا غیر ملکی دوروں پر بذریعہ اشتہارات تشہیر کی دنیا میں مثال نہیں ملتی وزیراعظم کا غیر ملکی دوروں پر اشتہارات کی تشہیر پر عوامی پیسہ خرچ کرنا غلط ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عوامی پیسوں سے وزیر اعظم یا کسی بھی سرکاری افسر کا تصاویر لگانے والے اشتہارات کا پیسہ ان سے وصول کیا جائے درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اطلاعات، پی آئی او کو فریق بنایا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں