لاہور(شوبز رپورٹر)کشمیریوں کے لیے یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے “ماس فاونڈیشن” حکومت پنجاب کے زیر اہتمام “لاہور لاہور اے” فیسٹیول میں سوموار / پیر 30 اکتوبر 2023ءکو الحمرا ہال نمبر 2، مال روڈ لاہور میں اپنا ایک مشہور ڈرامہ “اسیرِ آزادی” پیش کرنے جا رہی ہے۔ لاہور آرٹس کونسل اور ماس فاونڈیشن اِس ڈرامے کے ذریعے تمام باشعور عناصر سے اپیل کر رہی ہے کہ وہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور جارحیت کے خلاف آواز اٹھائیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کرانے کے لیے بھارت پر دباو ڈالیں۔
ماس فاونڈیشن کے صدر عامر نواز نے کہا کہ یہ ڈرامہ تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ کے طور پر اجاگر کرنے پر مرکوز ہے اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈرامہ ”اسیرِ آزادی“ کو اسلم مغل اور افضل نبی نے تحریر کیا ہے جبکہ اس کے ہدایت کار عامر علی ہیں۔ ڈرامے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عظیم نور ہیں جبکہ سیٹ اور لائٹس عامر نواز نے ڈیزائن کی ہیں۔ میوزک عمران نواز نے ڈیزائن کیا ہے جبکہ ڈرامے کی کوریوگرافی عمران ارمانی نے کی ہے۔ میڈیا مینجمنٹ خالد اعجاز مفتی کی ہے۔
کاسٹ میں زوہیب حیدر، حذیفہ طاہر، افضل نبی، سید ذیشان حیدر، چوہدری ظہیر تاج، عمران ارمانی، احمد علی، تنویر خالد، منصور بھٹی، مقدس ڈول، سید حماد اعجاز اور سرفراز انصاری شامل ہیں۔
یہ ڈرامہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کے بارے میں ہے۔ اِس ڈرامے میں بھارتی فوجیوں کی بربریت کو اجاگر کیا گیا ہے جنہوں نے ہزاروں معصوم کشمیری لڑکیوں کی عصمت دری کی اور ان کے مردوں کو قتل کیا۔
ڈرامے کی کہانی جلال بابا کے ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے جسے ہندوستانی افواج کی وجہ سے بدترین حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس کی بیٹی ماہ رخ کو ہندوستانی فوجیوں میں سے ایک نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
یہی ڈرامہ ماس فاونڈیشن نے 2019ءمیں لاہور آرٹس کونسل کے تعاون سے پیش کیا تھا۔ ماس فاو¿نڈیشن نے متعدد قومی اور بین الاقوامی تھیٹر فیسٹیولز میں بھی اسے پرفارم کیا ہے جن میں ترکمانستان، بھارت، سری لنکا، چین، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عثمان پیرزادہ نے ثمینہ پیرزادہ سے پہلی ملاقات کی کہانی سنادی