اسلام آباد(وقائع نگار ) ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ طوفان الاقصی آپریشن سے اسرائیل کا غرور خاک میں مل گیا اب نیست و نابود ہو جائے گا۔
ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے آزادی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے عالم اسلام کے غیور عوام اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف کھڑے ہیں،ہمیشہ فلسطینیوں کے لئے آواز اٹھائی،اسرائیل فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے۔رضا امیری مقدم نے کہا کہ یہ جنگ اسلام اور کفر کے درمیان ہے،یہودیوں کی تاریخ پڑھیں تو یہ صدیوں سے اسلام کے دشمن ہیں،انکی دشمنی عیاں ہے،اسرائیل غزہ اور جنوبی لبنان سے بھاگ رہا ہے،فلسطین کا مسئلہ اسلام کا مسئلہ ہے، ایران فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے،ہر مدد کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے، طوفان الاقصی کے بعد یورپی ممالک کے سفرا اسرائیل کا دورہ کر رہے ہیں،اس کا مطلب ہے کہ اب اسرائیل ختم ہونے والا ہے،امریکی اور یورپی عوام فلسطینیوں کے حق میں نکل آئے ہیں جبکہ وہاں کے حکمران اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں۔