لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کو پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال کے خلاف سنگین الزام تراشی اور مخالفانہ بیان داغنا مہنگا پڑ گیا،ن لیگ پنجاب کے صدر کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا،سات روز میں وضاحت طلب۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب نے دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔دانیال عزیز کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس ان کے 30 نومبر کے بیان پر جاری کیا گیا ہے۔مسلم لیگ ن کی جانب سے دیے گئے شوکاز نوٹس میں دانیال عزیز سے 7 دن میں تحریری وضاحت مانگی گئی ہے۔صدر مسلم لیگ ن پنجاب کے دستخطوں سے جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ن لیگ کا آئین اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہر رکن پارٹی کے ڈسپلن کی پابندی کرے،آپ کا مورخہ 30 نومبر کا میڈیا پر بیان پارٹی ڈسپلن اور پالیسی کی خلاف ورزی اور حقائق کے برخلاف ہے،آپ نے غیر ذمہ دارانہ بیان سے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے،ہر رکن کا فرض ہے کہ اگر اسے کوئی شکایت ہے تو وہ پارٹی قیادت یا متعلقہ فورم کو اپنی شکایت پیش کرے،آپ سے تقاضا ہے کہ آپ پارٹی ڈسپلن کی پابندی کریں اور ایسے بیانات سے مکمل اعراز کیا جائے اور درج بالا نوٹس کا جواب/وضاحت سات دن کے اندر اصالتا یا تحریری طور پر دی جائے۔
