ن لیگ میں ضلع جھنگ کی اہم شخصیات شامل ،رانا ثنا ءاللہ نے بڑا دعویٰ کردیا

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے ضلع جھنگ سے اہم سیاسی شخصیات کی ن لیگ میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے آئندہ حکومت ن لیگ بنانے جارہی ہے،تحریک انصاف اب بیرسٹر گوہر علی خان کی جماعت ہے،ہم 8 فروری کے الیکشن کے لیے بالکل تیار اور کسی صورت نہیں چاہتے کہ 8 فروری کا الیکشن ملتوی ہو،اگر کوئی درخواستیں لیکر جا رہا ہے تو سپریم کورٹ درخواستوں سے تو مرعوب نہیں ہو گی،وہ آئین کے مطابق فیصلہ کرے گی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ہر حلقے سے 6 سے 8 درخواستیں آئی ہیں،پارٹی کے جو معزز لوگ وہاں سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں ہمیں سبھی کی عزت و احترام ہے لیکن ہر حلقے سے ایک ہی امیدوار الیکشن میں حصہ لے گا۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے نقطہ نظر سے ضلع جھنگ 2018 میں ہر لحاظ سے خالی تھا،آج ہم نے ضلع جھنگ کو بھی مکمل کیا ہے،ان میں سے کچھ لوگ پچھلے کچھ عرصہ سے ہمارے ساتھ تعاون کر رہے تھے لیکن آج باضابطہ طور پہ انکا مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا جارہا ہے،پی پی 129 سے خالد غنی،پی پی 127 سے شیخ محمد یونس،پی پی 267 سے رئیس محمد ابراہیم،پی پی 131 سے فیصل حیات،شیخ یعقوب اور ان کی اہلیہ،این اے 189 سے ریاض خان مزاری،پی پی 297 سے دوست محمد خان ن لیگ میں شامل ہوئے ہیں، انٹرویوز مکمل ہوتے ہی امیدواروں کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو بحران سے نکالنے کا وعدہ کیا ہے،ہمیں یقین ہے آئندہ حکومت ن لیگ بنانے جا رہی ہے،برے وقت میں کھڑا ہونا بہت اچھا عمل ہے،تحریک انصاف اب بیرسٹر گوہر علی خان کی جماعت ہے،گوہر خان کو چاہیے کہ وہ اپنی پارٹی کو انتخابات میں لیکر جائیں،پی ٹی آئی جب تک اپنے اندر سے ان عناصر کو جنہوں نے 9 مئی بپا کیا،جنہوں نے 9 مئی کو ریاست پر حملہ کیا،جنہوں نے 9 مئی کو فوج میں تقسیم پیدا کر کے اس ملک کو خون میں نہلانے کی سازش کی،انہیں اپنے سے علیحدہ کریں اور قانون کا سامنا کرنے دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں