جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات،نبیلہ ارشاد چیئرپرسن،عائشہ مصطفی سیکرٹری اور چوہدری عبدالرشید چیف آرگنائزر منتخب

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کے زیر اہتمام مرکزی عزم جمہوریت کنونشن کا انعقاد راولپنڈی میں کیا گیا ، پارٹی کی دو سالہ کارکردگی پیش کیے جانے کے علاوہ انٹراپارٹی الیکشن منعقد کیے گئے، نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ کو چئیرپرسن، عائشہ مصطفی سیکرٹری جنرل اور چوہدری عبدالرشید کو چیف آرگنائزر منتخب کر لیا گیا، پارٹی رہنماوں اور کارکنان کی طرف سے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کے دو سال مکمل ہونے پر سالانہ کنونشن سیٹلائیٹ ٹاون راولپنڈی میں منعقد ہوا۔تقریب کے مہمان خصوصی سابق جسٹس گلگت بلتستان مظفر علی جبکہ پروگرام کی صدارت ایڈووکیٹ نبیلہ ارشاد نے کی۔عزم جمہوریت کنونشن میں بڑی تعداد میں خواتین،وکلا اور آزاد کشمیر بھر سے پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔تقریب میں تمام اضلاع سے پارٹی راہنماوں طارق جاوید چوہدری،ا فتخار احمد خان،سید لطیف حسین،چوھدری تنویر حسین،ناصر محمود،ریاض انجم سمیت دیگر نے اپنے اپنے اضلاع سے پارٹی کارکنان کی قیادت کرتے ہوئے نمایندگی کی۔جموں کشمیر ڈیموکریٹک سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے وفد نے چیئرمین عابد بشیر اور سیکریٹری جبران حمید کی قیادت میں شرکت کی جبکہ خواتین مبصرین کی کثیر تعداد بھی کنونشن میں نمایاں تھی۔

نو منتحب چیئرپرسن نبیلہ ارشاد نے کہا کہ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی سیاسی رواداری اور جمہوری سوچ کو پروان چڑھانے کے لئے آئین و قانون کی بالادستی،اداروں کے استحکام اور معاشرے میں عدل وانصاف کے اصولوں کی بنیاد پر معرض وجود آئی،جسکا مقصد موروثی سیاست کو مسترد کر نے،میرٹ کی پامالی کرنے اور عوامی حقوق کو پامال کرنے والوں کے خلاف عوام کا تحفظ کرنا ہے،آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ تھا جو کہ اب اقتدار کا ریس کیمپ بن چکا ہے،پارلیمان کے اندر اقربا پروری اور ممبران اسمبلی کی مراعات کے بل پاس ہو رہے ہیں اور عوام روٹی،پانی بجلی سے محروم ہیں اور ملازمین انسانی جمہوری حقوق پر ڈاکے ڈالنے اور ان کی مراعات ایک طرف ان کو ملازمت سے نکال کر اپنے کلب ممبران کی مفادات کا دھڑا دھڑتحفظ دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہندوستان کے خلاف 75 سال سے جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اور دوسری طرف اب پاکستان میں فاشسٹ مائنڈ سیٹ جمہوریت کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں،ہم یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جب تک عوام کا حق رائے دہی دبایا جائے گا کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی،جب تک عدل و انصاف نہیں یہ نظام عوام کا اعتماد حاصل نہیں کر سکتا اور جس نظام کو عوام مسترد کر دیں وہ کامیاب نہیں ہو سکتا اور نقصان ملک و قوم کا ہوتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی نے انتہائی کم مدت میں اپنا مقام بنایا اور عوام میں جگہ بنائی،صاف شفاف نظریے کے ساتھ سیاسی جدوجہد کے عمل کو آگے بڑھانے پر ہم ایڈووکیٹ نبیلہ ارشاد خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں