لاہور (وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے سابق رہنما ہمایوں اختر خان نے استحکام پاکستان پارٹی(آئی پی پی)میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : زرداری کااہم مشن پر بلوچستان جانے کا فیصلہ
‘’’پاکستان ٹائم‘‘ کے مطابق ہمایوں اختر خان نے جہانگیر ترین اور علیم خان کے ساتھ نیوز کانفرنس میں آئی پی پی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو بحرانوں سے نکالنا ہے،خوشی ہے کہ پرانے دوست دوبارہ جمع ہو رہے ہیں،9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کر لی تھی،جنرل کا بیٹا ہوں،ایسے واقعات پر کیسے خاموش رہ سکتا تھا؟9 مئی کو جو کچھ ہوا،اس کے بعد ممکن نہیں تھا کہ اس پارٹی میں رہا جائے، جہانگیر ترین میرے بڑے اور علیم خان چھوٹے بھائی ہیں،ان سے اور دیگر دوستوں سے مشاورت کے بعد استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ایک سوال کے جواب میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ میری الیکشن لڑنے کی ایک طویل تاریخ ہے،میں نے الیکشن کس حلقے سے لڑنا ہے؟اس کا فیصلہ اب میری پارٹی کرے گی۔اس موقع پر جہانگیر ترین نے کہا کہ ہمارا ہمایوں اختر سے پرانا رشتہ ہے،ہمیں ملکر ملک کو مشکلات سے نکالنا ہے،انہیں آئی پی پی میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں۔عبد العلیم خان کا کہنا تھا کہ لاہور اور پاکستان کی سیاست میں ہمایوں اختر کا اہم کردار رہا ہے،ان کے شامل ہونے سے استحکام پاکستان پارٹی مزید مضبوط ہو گی۔