لاہور(شوبز ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر میزبان و اداکارہ حنا خواجہ بیات نے شوہر کے انتقال کے بعد عدت پوری نہ کرنے کے باعث ہونے والی تنقید کا جواب دے دیااور کہا کہ ہم اپنے دین کا مطالعہ نہیں کرتے اور بغیر کچھ جانے فتوے لگا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدت کی کچھ شرائط ہیں اور یہ ہر ایک پر لازمی نہیں ہے۔ حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کاکہناتھاکہ ایک ایسی عورت جسے شوہر کے انتقال کے بعد گھر کے اخراجات خود برداشت کرنے ہیں اور بچوں کی ذمے داری بھی پوری کرنی ہے تو وہ عدت میں کیسے بیٹھ سکتی ہے؟ آج کل وہ دور تو نہیں کہ بچوں کی مدد چچا کر دیں گے،ہمارے معاشرے میں عورتوں کو قبرستان جانے سے روکا جاتا ہے یا کہا جاتا ہے کہ موسیقی حرام ہے، اس میں بھی کچھ شرائط ہیں کہ جو عورتیں قبرستان جا کر واویلا کرتی ہیں انہیں جانے کی اجازت نہیں ، ہیجان خیز موسیقی منع ہے، ہر طرح کی موسیقی منع نہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں حنا خواجہ کاکہناتھاکہ لوگوں کو بہت مسائل تھے لیکن میں جانتی ہوں کہ میرے ڈرامے کی شوٹنگ چل رہی تھی جس کی اگلی اقساط آن ایئر ہونی تھیں، میرے سینز باقی تھے، اس وقت اگر میں عدت میں بیٹھ جاتی تو کسی کا نقصان ہوتا، کیا وہ ٹھیک ہوتا؟ اللہ کو وہ منظور ہوتا کہ میں اپنا وقت ضائع اور دوسروں کا نقصان کروں؟