bilawal

یو این،او آئی سی سے بھی قرارداد پاس کرا لیں،الیکشن 8 فروری کو ہی ہونگے،بلاول کا چیلنج

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سینیٹ تو کیا اقوام متحدہ اور او آئی سی سے بھی قرار دادیں پاس کروا لیں پھر بھی پاکستان میں عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے،ن لیگ اور پی ٹی آئی اپنے لیڈروں کو جیل سے بچانے کے لیے الیکشن لڑ رہی ہیں،پیپلزپارٹی عوام کے مسائل کے حل کے لیے الیکشن لڑ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹکٹوں کی تقسیم پر احتجاج ،جیالوں کا بلاول ہاﺅس کے باہر دھرنا
”پاکستان ٹائم“کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کئی دنوں سے لاہور میں گھوم رہا ہوں،مقامی لوگوں سے ملاقات کر کے مسائل سنے،لاہور میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے،ایسے ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لاہور میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں حالانکہ اصل میں ایسا نہیں،ہم چاہتے ہیں کہ یہاں کے کسان،مزدور اور طالبعلم کے مسائل حل کریں،پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی لاہور میں رکھی گئی تھی،اس لیے میں بھی اپنا سفر یہاں سے شروع کر رہا ہوں،ہمارا اس شہر کے ساتھ ایک رشتہ ہے،ذوالفقار علی بھٹو کو جب سزائے موت دی گئی تو یہاں کے لوگوں نے خود کو آگ لگا دی تھی،پیپلز پارٹی نے صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ دیا لیکن مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اشرافیہ کی نمائندگی کی ہے،پنجاب کے عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں،پنجاب سے پیپلزپارٹی کو آوٹ کرنے کے لیے جنرل ضیا سمیت دیگر غیر سیاسی لوگوں نے مختلف لوگ ہم پر مسلط کیے،ہم اس الیکشن میں سلیکشن کا مقابلہ کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقتدار میں آنے والے عوام کے مسائل پر توجہ نہیں دیتے،پیپلزپارٹی برابری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،ہمارے 10 نکات پرعمل کر کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں،الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے،چیف جسٹس کہہ چکے کہ 8 فروری کو الیکشن پتھر پر لکیر ہیں اور ہمیں ان کی بات پر یقین ہے،قدم بڑھائیں قاضی صاحب ہم آپ کے ساتھ ہیں،عوام ہمارا ساتھ دیں، 8 فروری کو ہم جیتیں گے،او آئی سی اور یو این سے بھی قرارداد منظور کروا لیں تو الیکشن وقت پر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کہا جا رہا ہے کہ بہت زیادہ امیدواروں کے کاغذات مسترد ہو گئے ہیں مگر 2013 میں تو اس سے زیادہ لوگوں کے کاغذات مسترد ہوئے تھے،ماضی میں مختلف جماعتیں مسلط کی گئیں، الیکشن میں عوام جو بھی فیصلہ کریں گے ہمیں قبول ہو گا۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے منشور دیا اور ہم نے منشور پر عمل کیا،ہم نے بی بی شہید کے کیے وعدے پورے کیے،ہم نے سندھ کے سیلاب متاثرین سے کیے وعدے پورے کیے،تحریک انصاف والے اپنے قائد کو جیل سے نکالنے اور مسلم لیگ ن والے اپنے لیڈر کو جیل سے بچانے کے لیے انتخابات لڑ رہے ہیں،پیپلزپارٹی عوام کے مسائل کے حل کے لیے الیکشن لڑ رہی ہے،ہم لیول پلیئنگ فیلڈ کا شکوہ نہیں کر رہے کیونکہ عوام ہمارے ساتھ ہے،مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کو موقع دینا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں