صحابہؓ اور اہل بیتؓ سے محبت اہل حق کی علامت ہے:زاہد محمود قاسمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)حضرت حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی مظلومانہ درد انگیز شہادت کا واقعہ کبھی نہیں بھلایا جاسکتا ،پوری امت مسلمہ اور ہر انسان اس دلخراش واقعہ کا اپنے دل میں ایک درد محسوس کرتا ہے، اہل بیتؓ،اور صحابہؓ کا جوہر شرافت اور اتباع سنت دیکھنے اور یاد رکھنے کے قابل ہے، صحابہؓ اور اہل بیت ؓ سے محبت اہل حق کی علامت ہے، حضرت حسینؓنے میدان کربلا میں جو خطبہ ارشاد فرمایا وہ ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہے، حضرت حسینؓ نے حق کیلئے سفرکیا تاکہ کتاب و سنت کے قانون کو صحیح طور پر رواج ملے، اسلام کے نظام عدل کو قائم کرنا چاہتے تھے، ان کے اخلاق حسنہ کی پیروی کو نوجوان نسل اپنی زندگی کا مقصد بنائیں، رسول اللہ ﷺ کے صحابہؓ واہل بیتؓ کی محبت اور اتباع کو اپنا مقصد حیات بنائیں۔
چیئرمین مرکزی علماءکونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مرکزی جامع مسجد گول فیصل آبادمیں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5اگست مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،5اگست کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت کویکطرفہ تبدیل کرنے کی مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ 5اگست2019ئ کے بھارتی اقدامات واپس لینے کیلئے دباو ڈالا جائے، محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے اور اسلام کے ان چار مہینوں میں شامل ہے جن کی حرمت واجب ہے مگر مقبوضہ کشمیر میں ہندو افواج کشمیریوں پر اس محترم مہینے میں بھی ظلم و ستم روا رکھے ہوئے ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کو ہر صورت برقرار رکھاجائے، آج پاکستان جن مشکل حالات سے دوچار ہے، اندرونی بیرونی سازشیں ہو رہی ہیں، محرم الحرام کا مہینہ ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم بطور مسلمان اور پاکستان کے شہری ہونے کے ناطے دشمن کے عزائم کو ناکام بنائیں، محرام الحرام کا مہینہ ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہمیں ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کریں اور صحابہؓو اہل بیتؓ کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کریں، کسی کو تنقید کا نشانہ نہ بنائیں اور ملک میں اتحاد و اتفاق کی فضاء کو فروغ دیں، چونکہ اسلام امن کا دین ہے ،پاکستان کو مستحکم بنانے کیلئے ہم سب متحد ہو جائیں۔
اجتماع کے آخر میں بلوچستان لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداءکیلئے دعائے مغفرت اور ان کے لواحقین کیلئے صبر و تحمل کی دعا اور پاک فوج کی بلوچستان میں سیلاب زدگان کی جاری امدادی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں