عمران نے خیرات کا پیسہ سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا :مریم اورنگزیب

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خیرات کا پیسہ سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا، عمران خان غیر ملکی ایجنٹ ثابت ہو چکے ہیں اور الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر کیا۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ 8 سال کی تحقیقات کے بعد آیا اور یہ ٹیکنیکل نہیں بلکہ فارن فنڈنگ کا معاملہ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں اور وزیر اعظم شہباز شریف بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور پروونس ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) مسلسل صورتحال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم نے گزشتہ روز سیلاب زدہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی اور سیلاب متاثرین کے لیے فوری 5 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ فوجی افسران کی شہادت کے بعد ایک جماعت نے سوشل میڈیا پر منفی مہم شروع کی جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ہم اپنے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے اپنے اختیارات کاغلط استعمال کیا اور خیرات کا پیسہ آپ نے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا،آئین کے تحت کوئی بھی سیاسی جماعت فارن فنڈنگ نہیں لے سکتی۔ دوسروں کو چور کہو اور اپنے اوپر معاملہ آیا تو کہا کہ ٹیکنیکل ایشو ہے، 2014 میں اکبر ایس بابر نے یہ پٹیشن دائر کی اور آپ بار بار اس کیس میں التوا لیتے رہے۔ آپ نے اپنا اکاو¿نٹ ظاہر نہیں کیا کیونکہ پیسہ چوری کا تھا اور عمران خان نے جعلی دستاویزات جمع کرائے۔ آپ نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا، سی پیک کو روکنے کی کوشش کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ نے ملک کو جلانے اور سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ کیا وجہ تھی کہ آپ نے سی پیک کو روکا اور کشمیر کا سودا کیا ؟ آپ نے عدم استحکام پیدا کر کے ملک کو نقصان پہنچایا اور آپ نے سفارتی سطح پر پاکستان کو تنہا کیا، نوازشریف ملک کو ترقی کی طرف لے کر جا رہا تھا۔ فارن فنڈنگ کی وجہ سے ہی آپ نے دھرنا دیا تھا اور آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ووٹن کرکٹ کلب اور رومیتا سیٹھی سے پیسے نہیں لیے کیونکہ اکاو¿نٹس سامنے آچکے ہیں اور آپ مجرم ثابت ہو چکے ہیں۔ آپ نے ملکی ترقی کے خلاف سازش کی، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کیا گیا اور آپ نے 8 سال الیکشن کمیشن میں جواب نہیں دیا۔ آپ نے طاہر اقبال، محمد رفیق سمیت 4 ملازمین کے نام پر پیسہ منگوایا۔ عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے مفاد کے لیے سیاست میں مت گھسیٹیں، عمران خان کے خلاف چوری ثابت ہوگئی ہے لیکن الزام شہباز شریف پر لگاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں