پوری تحریک انصاف شہباز گل کیساتھ کھڑی ہے ،فواد چوہدری

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شہباز گل نے نجی ٹی وی پر جو کچھ کہا وہ سب کے سامنے ہے،پوری پی ٹی آئی شہبازگل کے ساتھ کھڑی ہے، فوج اور پی ٹی آئی میں اختلافات کے علاوہ عدلیہ کی تقسیم کی بھی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف مقدمات بنانا رانا ثنااللہ کی پالیسی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شہباز گل اوورسیز پاکستانی اور کمزور ہیں اس لیے انہیں پکڑا گیا، شہباز گل کو پہلے بھی ٹارچر کیا گیا اب حکومت دوبارہ ٹارچر کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 10 محرم کو موبائل سگنل نہیں تھے اس لیے شہباز گل نے لینڈ لائن سے کال کی، نجی ٹی وی پر شہباز گل نے جو بولا وہ بھی سامنے ہے۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا یہ معاملہ جلد حل ہونا چاہیے، تشدد کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی، پوری پارٹی شہباز گل کے ساتھ ہے۔حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا آپ صرف تشدد کرنے کے لیے شہباز گل کا ریمانڈ چاہتے ہیں، کیس کمزور ہے اس لیے حکومت کے وکیل دلائل دینے کو تیار ہی نہیں ہیں،شہباز گل کا معاملہ ہر سطح پر اٹھائیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جمعرات کو ملک بھر میں آزادی تحفظ صحافت اور پیر کو آزادی عدلیہ کا دن منائیں گے، اس موقع پر عمران خان بار ایسوسی ایشنز سے خطاب کریں گے، عمران خان 19 کو کراچی اور 20 اگست کو حیدرآباد میں جلسہ کریں گے، جلسے کرکے ملک گیر انتخابی مہم چلائی جائے گی۔
فواد چوہدری نے حکومت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ صرف عام انتخابات کے فریم ورک پر بات ہوسکتی ہے کوینکہ آپ کی پالیسیوں پر میثاق کرنا پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں