لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسائل کے حل کے لئے الیکشن میں ایک پارٹی کو پورا مینڈیٹ ملنا بہت ضروری ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق میاں نواز شریف نے لاہور کے حلقہ این اے 128 ماڈل ٹاون میں اپنا ووٹ کاسٹ کر تے ہوئے شیر کی بجائے ’عقاب“ کے نشان پر ٹھپہ لگایا کیونکہ اس حلقہ میں مسلم لیگ ن نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرتے ہوئے عون چوہدری کو مشترکہ امیدوار قرار دیا ہے۔اس موقع پر چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز اور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری بھی موجود تھے۔ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عوام گھروں سے نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں،انشاءاللہ مہنگائی کا خاتمہ ہوگا اور لوگ خوشحال زندگی بسر کرسکیں گے،یہی لوگوں کی تمنا ہے اور اس خواب کو پورا ہونا چاہیے،ان لوگوں نے آکر اس خواب کو خراب کیا،جس سے ہمارے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوا،اس سے قبل ٹھیک چل رہا تھا۔نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے مسائل تب ہی حل ہوسکتے ہیں جب ایک پارٹی کو اکثریت ملے،ایک پارٹی کو پورا مینڈیٹ ملنا چاہیے تا کہ اس کا دوسروں پر دارومدار نہ ہو، قوم کو دیے گئے گالی گلوچ کلچر کا خاتمہ ہوگا۔لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں آئینگی اور مہنگائی کا ان شا اللہ خاتمہ ہو گا،پاکستان کے لوگ خوشحال زندگی بسر کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے حقوق انکے دروازے تک پہنچنے چاہییں جنہیں ہم ان شا اللہ پہنچائیں گے۔